|
Saturday, 14 November 2009 10:17 |
واشنگٹن:امریکہ کی ری پبلکن پارٹی کی رہمنا اور سابق نائب صدر کے عہدے کی امیدوار سارہ پیلن نے اپنی سوانح حیات میں کئی انکشافات کئے ہیں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سارہ پیلن کی سوانح حیات منگل کو امریکہ میں شائع کی جا رہی ہے اور کتاب کی طلب سے لگتا ہے کہ یہ ایک بیسٹ سیلر ہو گی۔ سارہ پیلن کی کتاب کی نام ”گوئنگ روگ“ ہے۔ وہ اپنی کتاب میں کہتی ہیں کہ انہیں نائب صدارت کے امیدوار کی حیثیت کی جانچ کیلئے ہی پارٹی کو پچاس ہزار ڈالر فیس دینا پڑی تھی تاہم جان مکین کی مہم چلانے والے ایک اہلکار نے اس کی تردید کی ہے اور اسے لغو قرار دیا ہے۔ کتاب میں سارہ پیلن نے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ اگر ریپلیکنز الیکشن ہار جاتے ہیں تو انہیں بذاتِ خود اخراجات اٹھانا پڑیں گے جو کہ پچاس ہزار امریکی ڈالر تھے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا ہے کہ انہیں صحافیوں سے بات کرنے سے روکا گیا تھا۔ اس کتاب کی ابتدائی طور پر پندرہ لاکھ کاپیاں شائع کی گئیں ہیں اور ایک اطلاع کے مطابق سارہ پیلن کو اس کے لیے 1.25 ملین ڈالر پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔ سارہ پیلن کو نومبر 2008 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں شہرت اس وقت ملی جب انہیں سینیٹر مکین کی نائب کے طور پر چنا گیا۔کتاب میں انہوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ انہیں زبردستی میک اپ کروانے اور مہنگے کپڑے پہننے پر مجبور کیا گیا تھا۔انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنی نوجوان بیٹی کے حاملہ ہونے کی خبروں کے میڈیا میں آنے کا بھی ذکر کیا۔
|