|
Thursday, 19 November 2009 12:37 |
راولپنڈی:سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ سوات میں 8 دہشت گردوں نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیئے۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جنڈولہ_سراروغہ محور پر وسیکورٹی فورسز نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور توروام کے اردگرد سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارور برآمد کر لئے۔ فورسز نے ککرٹی کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ شکئی کانف گرم محور پر بھی سیکورٹی فورسز نے اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے دوران بھاری مقدار میں ہتیھیار اور گولہ بارود برآمد کیا۔ فورسز نے جنت گاﺅں کے کمپاﺅنڈز کلیئر کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ ازبک مکین محور پر امرخیل میں سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ادھر سوات میں میاندم، ادی گرام،لال قلعہ، بھائی کلے اور درمئی میں 8 دہشت گردوں نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیئے جبکہ علی زئی چیک پوسٹ پر سیکورٹی فورسز نے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
|