|
Tuesday, 03 November 2009 15:33 |
اسلام آباد: وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے وزیرستان اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کر دیئے۔ کمیٹی نے ثبوت امریکا اور بھارت کو دینے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس رضا ربانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے وزیرستان اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت کمیٹی کے سامنے پیش کئے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ثبوت امریکا اور بھارت کو دینے اور دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف عالمی برادری کو آگاہ کرنے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے وزیرستان میں بھارتی مداخلت اور نیٹو فورسز کی چیک پوسٹیں ختم کرنے اور سرحدی علاقہ میں دہشتگردوں کی جانب سے بائیومیٹرک سسٹم کی تباہی کے بعد نظام کو دوبارہ فعال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن کیلئے ایچ بی ایف سی اور زرعی ترقیاتی بینک کے قرضوں اور یوٹیلٹی بلز کی معافی کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
|