اشاعت کے باوقار 30 سال

امریکا امن مخالف سمت بھاگنے کی کوشش نہ کرے

امریکا امن مخالف سمت بھاگنے کی کوشش نہ کرے

بیجنگ: چینی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ امریکا سرد جنگ کی ذہنیت سے باہر آئے اور امن مخالف سمت کی جانب بھاگنے کی کوشش نہ کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جوہری پالیسی پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے چین کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزارتِ دفاع نے اپنی رپورٹ میں چین کی ترقی اور اس کی جوہری قوت کے خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جو سراسر الزام اور غلط ہے۔ چین نے ہمیشہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور اپنی قومی سلامتی کی ضرورت کے حساب سے اپنی صلاحیت کو کم سے کم حد تک محدود رکھا، چین امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کی جانے والی نیوکلیئر نظر ثانی پالیسی کی سختی کے ساتھ مخالفت کرتا ہے۔ چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان رین گوکیانگ کا کہنا تھا کہ دنیا میں طاقتور اور وسیع جوہری اسلحہ خانہ رکھنے والا امریکا سرد جنگ کی ذہنیت سے باہر آئے اور امن کی راہ پر گامزن دنیا کے ساتھ چلے اور اس کی مخالف سمت میں بھاگنے کی کوشش نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ اپنی سرد جنگ کی ذہنیت کو پاک کر کے اسلحے کی کمی میں بنیادی ذمہ داری پوری کرے اور چین کی عسکری ضروریات و حالات کو سمجھتے ہوئے ہمارے قومی دفاع اور فوجی ترقی کو غیر جانب داری کی نظر سے دیکھے۔

loading...