اشاعت کے باوقار 30 سال

اٹلی کے خوبصورت گاؤں میں صرف ایک ڈالر میں گھر

اٹلی کے خوبصورت گاؤں میں صرف ایک ڈالر میں گھر

میلان: اگر آپ اٹلی کے ایک خوبصورت گاؤں میں گھر بنانا چاہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ وہاں 200 گھر برائے فروخت ہیں اور ان میں سے ہر ایک کی قیمت صرف ایک ڈالر ہے یعنی پاکستانی 112 روپے میں ایک مکمل گھر دستیاب ہے۔ اٹلی میں جزیرہ سارڈینا کے علاقے باربیگیا کے پاس اولولائی نامی ایک خوبصورت گاؤں میں پتھروں سے بنے 200 گھر خالی پڑے ہیں جو 112 پاکستانی روپے میں خریدے جا سکتے ہیں۔ اس گاؤں سے لوگ دوسرے مقامات تک جا رہے ہیں اور اب یہاں کی آبادی 1300 افراد تک رہ گئی ہے۔ ان میں سے کئی جوڑے بے اولاد ہیں اور انہیں ڈر ہے کہ کہیں یہ علاقہ خالی ہو کر بھوت نگر نہ بن جائے ۔ اس کے لیے اب ایک ڈالر میں ایک گھر فروخت کیا جا رہا ہے۔ 2015ء میں یہاں کے میئر نے خالی مکانات فروخت کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ان بڑے گھروں کی حالت بہت ابتر ہے ۔ معاہدے کے مطابق گھر خریدنے والے کو تین سال کے اندر اندر اس کی مرمت و آرائش کرانا ہو گی جس پر کم ازکم 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ میئر نے امید ظاہر کی کہ اس طرح قصبہ اپنی پرانی خوبصورتی میں واپس آئے گا اور لوگ اس کی جانب راغب ہوں گے۔ میئر ایفیسیو ارباؤ نے کہا کہ وہ اس علاقے کی تہذیب اور روایات کو واپس لانا چاہتے ہیں۔ یہاں موجود مکانات ایک وقت میں شاندار ہوا کرتے تھے لیکن اب وہ ٹوٹ پھوٹ کے بعد کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ٹاؤن انتظامیہ نے گھروں کے سابق مالکان سے رابطہ کیا ہے کیونکہ وہ اچھے روزگار اور مواقع کی تلاش میں بڑے شہروں میں جا بسے ہیں۔ میئر نے ان سے رابطہ کر کے ان کا مکان فروخت کرنے کی اجازت لی ہے تاکہ اس گاؤں کو دوبارہ بسایا جا سکے۔

loading...