اشاعت کے باوقار 30 سال

امریکا کی چین کو دھمکی

امریکا کی چین کو دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی سطح پر پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی جاری رکھنے پر چین کو دھمکی دے دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر شمالی کوریا کو تیل سپلائی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چین شمالی کوریا کو تیل فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، شمالی کوریا کو تیل کی سپلائی بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، چین کی جانب سے خلاف ورزی شمالی کوریا کے مسئلے کا دوستانہ حل نہیں ہے جس سے امریکا کا رویہ مزید سخت ہو سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے حوالے سے ہماری مدد نہیں کرتا تو اس کے خلاف وہ تمام اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں جن کے بارے میں امریکا پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے۔
دوسری طرف چین کی جانب سے ٹرمپ کا شمالی کوریا کو تیل منتقلی کا الزام مسترد کر دیا گیا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے خلاف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا۔ اس سے قبل بھی امریکا بارہا تنبیہ کر چکا ہے کہ چین، شمالی کوریا کو میزائل تجربات سے روکنے میں امریکا کی مدد نہیں کر رہا۔ واضح رہے کہ 2017 کے دوران شمالی کوریا نے ایٹم بموں کے علاوہ کئی بیلسٹک میزائلوں کے بھی کامیاب تجربات کرتے ہوئے امریکا کو براہ راست دھمکی دی ہے۔

loading...