اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

تاریخ کا شدید ترین زلزلہ

شادی کے بعد بچوں کی کرکٹ ٹیم بنانا چاہتی ہوں

شادی کے بعد بچوں کی کرکٹ ٹیم بنانا چاہتی ہوں

نئی دہلی: ناموربالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی اور شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہیں اور شادی کے بعد بچوں کی کرکٹ ٹیم بنانا چاہتی ہیں لیکن اس میں ایک رکاوٹ حائل ہے۔ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ پریانکا چوپڑا کیرئیر کی ابتدا میں کافی سنجیدہ اور اپنے کام سے کام رکھتی تھیں لیکن عروج ملنے کے بعد ان کی شخصیت میں کافی تبدیلی آئی ہے اور اب وہ ہر موضوع پر بلا جھجھک بات کرتی ہیں جب کہ ان کی حس مزاح بھی بہت اچھی ہے اور وہ ہنستے ہنستے ہر بات کہہ جاتی ہیں، جس کا عملی مظاہرہ حال ہی میں دیکھنے میں آیا جب انہوں نے ایک تقریب کے دوران اپنی شادی اور مستقبل کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں دہلی میں پینگوئین پبلشرز کی جانب سے منعقدہ پینگوئین اینوئل لیکچر میں شرکت کی جہاں انہوں نے بالی ووڈ میں پسندیدہ اداکاروں کو نوازنے جیسے مسائل، نسل پرستی، دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ کے تنازعے اور اپنی شادی کے بارے میں بات کی۔ پریانکا چوپڑا مقبول اور کامیاب اداکارہ ہونے کے باوجود ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں جب ان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہیں اور شادی کر کے بچوں کی کرکٹ ٹیم بنانا چاہتی ہیں۔
پریانکا نے مزید کہا کہ ان کا برج کینسر ہے اور ان میں اپنے ستارے کی حامل خواتین کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔ کینسر خواتین کو اپنے گھر سے بہت محبت ہوتی ہے اور انہیں بچے بھی پسند ہوتے ہیں لہٰذا انہیں بھی گھر اور بچے بے حد پسند ہیں اور وہ شادی صحیح وقت پر ہی کریں گی۔ لیکن شادی کرنے میں ایک رکاوٹ ہے کہ ’میرے لائق کوئی لڑکا بھی تو ملنا چاہئے وہ تھوڑا مشکل ہے‘۔ واضح رہے کہ پریانکا نے اسی تقریب کے دوران کیرئیر کی ابتدا میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ماضی میں کئی بار طاقت کے نشے کا شکار بنیں اور کئی مرتبہ انہیں سپر اسٹارز کی گرل فرینڈرز کے کہنے پر فلموں سے نکالا گیا۔

loading...