اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی میں بھی وائٹ واش

پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی میں بھی وائٹ واش

لاہور: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 181 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز دنوشکا گوناتھلاکا اور دلشان مناویرا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، 10 کے مجموعی اسکور پر دلشان مناویرا آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے سدیرا سماراوکراما بھی 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ 15 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد اوپننگ کے لیے آنے والے دنوشکا گوناتھلاکا بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور محمد حفیظ کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ بعد میں آنے والے کھلاڑی مہیلا اڈواتے بھی 57 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسان شناکا اور چتورنگا ڈی سلوا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم دوسان شناکا 54 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد چتورنگا ڈی سلوا بھی 106 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان تھسارا پریرا صرف 10 رنز پر ہی ہمت ہار بیٹھے اور حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد پرسانا اور پتھریانا بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 143 کے مجموعی اسکور پر دونوں کھلاڑی پولین لوٹ گئے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 144 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 4، فہیم اشرف نے 2 جب کہ عماد وسیم، محمد حفیظ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

loading...