اشاعت کے باوقار 30 سال

انضمام الحق کے ٹی ٹین لیگ سے تعلق کی چھان بین شروع

انضمام الحق کے ٹی ٹین لیگ سے تعلق کی چھان بین شروع

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ٹی ٹین لیگ سے تعلق کی چھان بین شروع کر دی۔ ٹی ٹین لیگ کی متحدہ عرب امارات میں رونمائی کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ایک فرنچائز کے کواونر ہیں۔ لیگ کے منتظمین کی جانب سے باضابطہ طور پر بتایا گیا کہ انضمام الحق ایک فرنچائز کے برینڈ مینٹور اور اپنے بھائی انتظار الحق کے ساتھ کو اونر ہیں۔ انضمام الحق مبینہ طور پر پی سی بی کے اخراجات پر ون ڈے ٹیم کی مشاورت کے لئے دبئی گئے تھے اور وہ ٹی ٹین لیگ کی تقریب کے موقع پر اسٹیج پر بھی دکھائی دئے تھے۔ پی سی بی نے میڈیا رپورٹس پر خاموشی اختیار کئے رکھی تاہم اب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے اس حوالے سے چھان بین شروع کر دی ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی سب میڈیا رپورٹس ہیں اور یقیناً اس معاملے کو دیکھا جا رہا ہے کہ کہیں پی سی بی کی پالیسی کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹین لیگ کا انعقاد امارات کرکٹ بورڈ اور ٹین سپورٹس مینجمنٹ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ ٹی ٹین لیگ رواں سال 21 سے 24 دسمبر تک شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلی جائے گی۔ اس لیگ میں 6 فرنچائز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجابی لیجنڈز، پختونز، مراٹھا عربیئنز، بنگلہ ٹائیگرز، کولمبو لائنز اور کیرالہ کنگز شامل ہیں۔