اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

بروٹس نے خود کشی کر لی

کیوبا کے سفارت کاروں کو امریکہ چھوڑنے کا الٹی میٹم

کیوبا کے سفارت کاروں کو امریکہ چھوڑنے کا الٹی میٹم

واشنگٹن: امریکا نے اپنے سفارت کاروں کو پراسرار صوتی حملے سے بچانے میں ناکامی پر کیوبا کے 15 سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے کیوبا کے 15 سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے 7 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکا نے گزشتہ ہفتے کیوبا سے اپنے سفارتی مشن کے نصف سے زائد سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا تھا۔ کیوبا میں موجود امریکی سفارت کاروں نے ایک پراسرار حملے کی شکایت کی تھی جس کے بعد ان کی صحت خراب ہونے لگی تھی۔امریکی سفارت خانے میں کام کرنے والے 21 ملازمین نے دماغی چوٹ، سماعت میں دشواری، دھندلاہٹ اور جی متلانے کی شکایت کی تھی۔ ابتدائی تحقیق میں ملازمین کی صحت میں خرابی کی وجہ صوتی حملوں کو قرار دیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے ٹھوس شواہد سامنے نہیں آ سکے تھے۔کیوبا کی حکومت نے امریکی سفارت خانے کے عملے کو نشانہ بنانے کی تردید کی تھی جب کہ امریکا نے بھی اس حملے کا ذمہ دار کیوبن حکومت کو نہیں ٹھہرایا تھا۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ سفارت کاروں کو بے دخل اس لیے کیا جا رہا ہے کیوں کہ کیوبا ویانا کنونشن کے تحت ہمارے سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔