اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

سیارہ پلوٹو کی دریافت

بھارتی سپریم کورٹ کا تاج محل کے بارے حکومت سے جواب طلب

بھارتی سپریم کورٹ کا تاج محل کے بارے حکومت سے جواب طلب

آگرہ: بھارتی سپریم کورٹ نے ریاست اتر پردیش کی حکومت سے تاج محل کے مستقبل سے متعلق منصوبے کی تفصیلات طلب کر لیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ میں تاج محل کی حفاظت کے منصوبے سے متعلق سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے اتر پردیش کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صدیوں پرانی اس عظیم تعمیراتی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت سے متعلق ایک ایڈہاک سوچ اپنائے ہوئے ہے۔ عدالت نے اتر پردیش حکومت سے تاج محل کی دیرپا بنیادوں پر حفاظتی منصوبے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت ایسے کاغذات تیار کرے جس میں بتایا گیا ہو کہ عجائبات عالم میں شمار ہونے والی اس عمارت کی حفاظت کے لیے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کو یہ رپورٹ ایک ماہ کے اندر سپریم کورٹ میں پیش کرنی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت عظمی نے حکومت سے یہ بھی استفسار کیا کہ تاج محل کے اطراف میں بہت سے نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے علاوہ چمڑہ سازی کے نئے کارخانے کیوں بنائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سفید سنگ مرمر سے بنائی گئی تاج محل کی خوبصورت عمارت فضائی آلودگی کہ وجہ سے پیلی پڑتی جا رہی ہے، آثار قدیمہ کی حفاظت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سرگرم کئی تنظیموں کی تاج محل کے ارد گرد موجود زیادہ فضائی آلودگی پھیلانے والی صنعتیں بند کرنے کی کوشیں بھی ناکام رہی ہیں۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں واقع تاج محل کو مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیوی ممتاز محل کے لیے تعمیر کروایا تھا، تاج محل اپنی خوبصورتی کے باعث صدیوں سے دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں لوگ محبت کی اس یاد گار کو دیکھنے بھارت کا رخ کرتے ہیں، تاہم ماحولیاتی آلودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے تاج محل اپنی خوبصورتی کھوتا جا رہا ہے۔

loading...