اشاعت کے باوقار 30 سال

شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کا دل رکھ لیا

شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کا دل رکھ لیا

زیورخ: سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کا دل رکھتے ہوئے ترنگے کو عزت دے کر ثابت کر دیا کہ وہ ناصرف اچھے کھلاڑی ہیں بلکہ بہترین شخص بھی ہیں۔ ایک طرف پاک بھارت سیاسی محاذ پر کشیدگی کے باعث سرحد پر گولیاں چل رہی ہیں تو دوسری طرف سوئٹزرلینڈ میں کرکٹ کا میلہ جاری ہے جس میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اگرچہ شاہد آفریدی کی ٹیم رائلز نے وریندر سہواگ کی ٹیم ڈائمنڈز کو ٹی ٹوئنٹی میں دو صفر سے شکست دے دی ہے لیکن انہوں نے وہاں ایسا کارنامہ انجام دیا جس کے بعد پورا بھارت آفریدی کا دیوانہ ہو گیا۔ سوئٹزرلینڈ میں شاہد آفریدی نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد شائقین کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور آٹوگراف دیئے۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے بھارت کے قومی پرچم (ترنگے) کے ساتھ تصاویر اور وڈیو بنوا کر تمام بھارتیوں کے دل جیت لیے۔ سوشل میڈیا میں جاری تصویر میں دکھایا گیا کہ آفریدی کی ایک بھارتی مداح ان کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے اتنی زیادہ پرجوش ہو گئی تھی کہ پرچم کھولنا ہی بھول گئی جس پر شاہد آفریدی نے اس خاتون سے کہا یہ جھنڈا سیدھا کرو جس کے بعد انہوں نے خاتون کے ساتھ تصویر بنوائی۔ شاہد آفریدی کے اس عمل نے پورے بھارت کو اپنا دیوانہ بنا لیا جس کے بعد بھارتی میڈیا بھی شاہد آفریدی کے گن گانے لگا۔

loading...