اشاعت کے باوقار 30 سال

عمر گل کی امیدیں ملتان سلطانز سے وابستہ

عمر گل کی امیدیں ملتان سلطانز سے وابستہ

ملتان: پاکستان سپر لیگ میں شامل نئی ٹیم ملتان سلطانز سے کئی لوگوں نے امیدیں باندھ لیں۔ فاسٹ با ؤلر عمر گل کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں کم بیک کروں گا ،انجریز سے نجات پانے والے پیسر نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ میری تمام تر توجہ پی ایس ایل 3 پر ہے جس میں شاندار کارکردگی مجھے قومی ٹیم تک لے جائے گی، انجریز سے جان چھوٹنے پر اب فٹنس میں بہتری پر کام کر رہا ہوں اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوا ہوں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میری کرکٹ ابھی باقی ہے ،میں سمجھتا ہوں کہ اگر پرفارم کرتا رہوں تو مزید 4 سال کھیل سکتا ہوں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ فٹنس میرا ساتھ دے۔ یاد رہے کہ عمر گل گھٹنے کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سمیت کئی اہم ایونٹس کے لئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ چھٹی ٹیم کی شمولیت سے ایونٹ میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور جتنے اچھے میچز ہوں گے اتنے ہی اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد یونائیٹڈ کے معاملات وقار یونس دیکھ رہے ہیں جب کہ ملتان سلطانز کے ساتھ میں وابستہ ہوں اور ہمارے تجربے کا فائدہ نوجوان کھلاڑیوں کو ہو گا، انہوں نے کہا ہر ٹیم کے ساتھ سابق سٹارز کام کر رہے ہیں جو کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشاندہی کر کے انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کے قابل بنائیں گے جو پاکستانی کرکٹ کے لئے خوش آئند ہے۔

loading...