اشاعت کے باوقار 30 سال

پی ایس بی کے نئے ڈائریکٹر کے لیے 3 نام وزیر اعظم کو ارسال

پی ایس بی کے نئے ڈائریکٹر کے لیے 3 نام وزیراعظم کو ارسال

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے لئے وزارت بین الصوبائی رابطہ نے سمری وزیر اعظم آفس ارسال کر دی۔ اسپورٹس بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا 28 فروری کو اپنی مدت پوری ہونے پر ریٹائر ہو رہے ہیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے وزیر اعظم آفس کو تین ناموں پر مشتمل سمری ارسال کی گئی ہے جن میں پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمن منصور احمد کا نام سر فہرست ہے جب کہ دیگر ناموں میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سینئر انسٹرکٹر اور ڈپٹی ڈی جی سید حبیب شاہ اور سندھ حکومت سے واپس اسپورٹس بورڈ میں ایڈجسٹ ہونے والے علی حسن بروہی شامل ہیں، علی حسن بروہی مسلسل چھٹیوں پر ہیں۔ دوسری جانب پاکستان اسپورٹس کے 2 افسران محمد شاہد السلام اور ڈاکٹر وقار احمد کی گریڈ 18 سے گریڈ 19 میں غیر قانونی ترقی کے حوالے سے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی محکمانہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پاکستان اسپورٹس بورڈ حکام نے غائب کروا دی ہے، شاہد السلام کی اگلے گریڈ میں ترقی کے خلاف پاکستان اسپورٹس بورڈ امپائرز یونین بھی عدالت میں کیس کر چکی ہے جب کہ فیڈرل ٹریبیونل میں بھی ان کی ترقی کے خلاف کیس دائر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ انتظامی عہدہ ہوتا ہے اور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل کا عہدہ بھی خالی ہو جائے گا اور وفاقی حکومت نے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد دو ڈائریکٹر جنرل کے عہدوں پر تعیناتی کرنی ہو گی۔ علاوہ ازیں گزشتہ دنوں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں انڈونیشیا میں کھیلے جانے والے ایشین گیمز میں میڈلز کے حصول کے لئے فیصلہ کیا گیا کہ گیمز میں حصہ لینے والے کھیلوں کے تربیتی کیمپس فوری طور پر لگائے جائیں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ تربیتی کیمپس لگانے کے لئے اقدامات کرے۔

loading...