اشاعت کے باوقار 30 سال

شہناز شیخ کے نام سے منسوب ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر مکمل

شہناز شیخ کے نام سے منسوب ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر مکمل

اسلام آباد : راولپنڈی ہاکی ایسوسی ایشن اور راولپنڈی کے ہاکی کھلاڑیوں کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہالینڈ کا بنا ہوا آسٹرو ٹرف کھیلنے کے لئے تیار ہو چکا ہے کروڑوں کی لاگت سے اس آسٹرو ٹرف کو معروف ہاکی لیجنڈ شہناز شیخ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ابھی گراؤنڈ کے باہر سول ورک کا کچھ حصہ باقی ہے تاہم فلڈ لائٹس اور گراؤنڈ کو پانی دینے کا آٹومیٹک نظام مکمل ہو چکا ہے۔ شہناز شیخ ہاکی گراؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلی پنجاب کریں گے لیکن آسٹرو ٹرف پر ایک افتتاحی میچ پانچ فروری کو کھیلا جا رہا ہے ۔ یہ میچ شہناز شیخ الیون اور سابق اولمپیئن منظور جونیئر الیون کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا جب کہ اس میچ سے قبل گرلز ٹیموں کا ایک میچ بھی منعقد ہو گا۔ میونسپل سٹیڈیم سیٹلائٹ ٹاؤن کے مد مقابل مسلم ہائی سکول سید پور روڈ کے گراؤنڈ پر بنائے گئے اس گراؤنڈ میں شہناز شیخ اکیڈمی بھی جلد کام شروع کر دے گی جس کی نگرانی خود اولمپیئن شہناز شیخ کریں گے ۔ گراؤنڈ کے اندر میچ دیکھنے اور ہاکی سے لطف اندوز ہونے کے لئے معقول تعداد میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ بھی بنائی گئی ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے آسٹر وٹرف ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر و تکمیل میں مسلم لیگ کے مقامی راہنما محمد حنیف عباسی نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے اولمپیئن شہناز شیخ اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے زبردست الفاظ میں حنیف عباسی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ان میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خزانچی اور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اخلاق عثمانی ، انٹرنیشنل کھلاڑی پرویز کیانی ، فہیم انور خان ، یاسین گول کیپر ، مرتضٰی بھٹی ، مجید زاہد ، ندیم اشرف ، نعیم اعوان ، قاضی توقیر اسجد ، محمد اسماعیل ، ظفر اللہ نیازی ، حاجی فیض ، حاجی ریاض ، احسان یاسر اور دیگر شامل ہیں جب کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز سینئر نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں جس نے قومی سطح پر بڑے نامی گرامی کھلاڑی پیدا کئے ہیں آسٹرو ٹرف کے گراؤنڈ اور ہاکی اکیڈمی سے نہ صرف ایک مرتبہ پھر پنڈی کی ہاکی اور کھلاڑی ترقی کریں گے اور اس ریجن میں ہاکی کو فروغ ملے گا بلکہ قومی سطح پر بھی ہاکی کو بہت فائدہ ہو گا ۔

loading...