اشاعت کے باوقار 30 سال

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے مؤاخذے کی تیاری شروع

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے مؤاخذے کی تیاری شروع

نئی دہلی: بھارت میں سپریم کورٹ کے 4 سینئر ججوں کی چیف جسٹس کے خلاف بغاوت میں نیا موڑ آ گیا اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ نے چیف جسٹس دیپک مشرا کے مؤاخذے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ بھارتی عدلیہ کی تاریخ میں گذشتہ دنوں اس وقت ایک اہم موڑ آیا تھا، جب چار سینئر ججز سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تھے، اس اقدام نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلائے جانے والے ملک بھارت کے عدالتی نظام کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ عدالتی معاملات درست انداز میں نہ چلانے اور چیف جسٹس کی جانب سے پسندیدہ ججز کو مخصوص کیس دئے جانے پر چار ججوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو شکایتی خط لکھا لیکن کوئی جواب نہیں آیا، جس پر چیف جسٹس کے خلاف مؤاخذے کی باتیں گردش کرنے لگیں اور اب اس بغاوت میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے مؤاخذے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یاچوری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس دیپک مشرا کے مؤاخذے کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 29 جنوری کو پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل یہ معاملہ بہت حد تک واضح ہو جائے گا۔

loading...