اشاعت کے باوقار 30 سال

دنیا کی پہلی مکمل سولر کار تیار

دنیا کی پہلی مکمل سولر کار تیار

ایمسٹرڈیم: ہالینڈ کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے دنیا کی پہلی مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلنے والی کمرشل گاڑی متعارف کرا دی ہے اور اسے ’’کلائمیٹ انوویٹر ایوارڈ‘‘ بھی دیا گیا ہے۔ اسے ہالینڈ کی ایک کمپنی ’’دی لائٹ ایئر ون‘‘ نے ڈیزائن کیا ہے جس کا دعویٰ ہے کہ یہ کار خود اپنے آپ کو چارج کرتی رہتی ہے اور ایک مرتبہ بیٹری مکمل چارج ہونے کے بعد 400 تا 800 کلومیٹر فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ خیال رہے کہ طویل عرصے سے شمسی توانائی سے چلنے والی کاروں پر تحقیق جاری ہے لیکن اب تک کوئی کمرشل کار سامنے نہیں آ سکی جو دیگر گاڑیوں کا مقابلہ کر سکے، مثلاً ٹویوٹا کی ایک کار ’پرائس‘ شمسی توانائی سے صرف 4 میل کا اضافہ کرتی ہے اور اسے بجلی سے چارج کرنے کی بار بار ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکمل طور پر سورج کی روشنی سے دوڑنے والی کاریں نہیں بنائی جا سکیں، تاہم اب تک بجلی کی چارجنگ سے چلنے والی جتنی بھی گاڑیاں بنائی گئی ہیں ان میں تھوڑے بہت سولر سیلز لگے ہوتے ہیں جو کچھ بجلی فراہم کرتے ہیں۔ انہیں سولر اسسٹڈ الیکٹرک وہیکل (ایس اے ای وی) کہا جاتا ہے۔ تاہم اب بھی لائٹ ایئر ون کا دعویٰ ہے کہ یہ کار نہ صرف سورج کی توانائی سے دوڑے گی بلکہ اس کے لیے تمام ضروری ٹیکنالوجی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ اس ضمن میں 5 ذیلی کمپنیاں کئی برس سے محنت کر رہی ہیں۔ البتہ اس کار کی کوئی حقیقی تصویر یا تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ خود لائٹ ایئر ون کی ویب سائٹ پر کار کے کسی نمونے کی کوئی تصویر موجود نہیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق 2019ء میں پہلی 10 کاریں صرف یورپ میں پیش کی جائیں گی۔ سال 2020ء میں مزید 100 گاڑیاں بنا کر فروخت کی جائیں گی۔

loading...