اشاعت کے باوقار 30 سال

کابلِ، ہوٹل میں دہشتگردوں کا حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی

کابلِ، ہوٹل میں دہشتگردوں کا حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوٹل پر ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے جن میں 14 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک فائیو سٹار ہوٹل پر طالبان کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ پیر کو ترجمان دفتر داخلہ نے حملے میں 4 افغان شہریوں اور 14 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ واقعے میں 41 غیر ملکیوں سمیت 160 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ حملے کے بعد ہوٹل کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور تمام 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکیوں کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ حملے میں ہلاک 11 غیر ملکی نجی افغان ایئر لائن ’’کام ایئر‘‘ کے ملازمین تھے جبکہ ایئرلائن کے سی ای او نے بتایا کہ ان کی کمپنی کے 42 افراد ہوٹل میں موجود تھے جن میں سے 16 اب بھی لاپتہ ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی ہوٹل کے اندر موجود تھے جنہوں نے موقع دیکھ کر حملہ کر دیا البتہ تحقیقات مکمل ہونے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ واقعے کے وقت ہوٹل میں بڑی تعداد میں غیر ملکی شہری موجود تھے۔ ہوٹل پر حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم طالبان نے قبول کی ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد حکومتی اداروں کی جانب سے بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ کابل میں 6 منزلہ ہوٹل پر ہفتے کی شب طالبان کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں جنگجوؤں اور افغان سیکیورٹی فورسز میں مقابلہ 17 گھنٹے تک جاری رہا۔

loading...