اشاعت کے باوقار 30 سال

شیمپو کا اشتہار بغیر بال دکھائے

شیمپو کا اشتہار بغیر بال دکھائے

لندن: شیمپو اور ہیئر کلر کا اشتہار ہو اور نرم و ملائم چمک دار بال نہ دکھائے جائیں ایسا ممکن ہی نہیں، لیکن روایت کے برعکس برطانوی مسلمان ماڈل اور یوٹیوب بلاگر امینہ خان نے شیمپو کا اشتہار حجاب کے ساتھ شوٹ کرایا ہے، جس کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر بھی کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے معروف کاسمیٹکس برانڈ نے ہیئرکلر اور شیمپو کے اشتہار کے لئے باحجاب ماڈل کا انتخاب کیا اور ماڈل نے بغیر بال دکھائے ہیئر کلر کی تشہیر کی، برطانوی مسلمان ماڈل اور یوٹیوب بلاگر امینہ خان نے اپنے اشتہارکی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی جس میں خود امینہ کے بال تو حجاب میں ڈھکے ہیں تاہم دوسری 2 ماڈلز کے بال کھلے ہوئے ہیں، امینہ خان نے جریدے’ ووگ ‘یو کے سے گفتگو میں کہا ’ کتنے برانڈز اس طرح کا دلیرانہ قدم اٹھانے کی جرات رکھتے ہیں؟ بہت زیادہ نہیں۔ یہ اشتہار گیم چینجر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے ایک ایسی لڑکی کو اپنے ہیئر پروڈکٹ کی اشتہاری مہم میں شامل کیا جس کے بال چھپے ہوئے ہیں۔ اس کا مطلب وہ مختلف چیزوں اور نظریے کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ خالصتاً بالوں سے متعلق پروڈکٹ کے اشتہار میں بالوں کو ہی ظاہر نہیں کیا گیا۔ امینہ خان کے اس اشتہار نے بھرپور توجہ حاصل کی۔ امریکی نیوز چینل سی این این کا کہنا ہے کہ بالوں کی پروڈکٹس کے لئے باحجاب ماڈل لے کر نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ امینہ خان نے 20 سال کی عمر سے حجاب پہننے کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی شروع کی، وہ نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپی اور کئی مسلم ممالک کے مختلف برانڈز کے اشتہاروں میں کام کر چکی ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اشتہار کے ذریعے مسلمان خواتین کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بالوں کی دیکھ بھال اور خوبصورتی کا حجاب سے کوئی تعلق نہیں، باحجاب خواتین بھی بالوں کو حسین بنا سکتی ہیں، جس طرح دیگر خواتین کھلے بالوں کو بناتی ہیں۔

loading...