اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان کو ہم سے دشمن کی طرح برتاؤ نہیں کرنا چاہیے

پاکستان کو ہم سے دشمن کی طرح برتاؤ نہیں کرنا چاہیے

نئی دہلی: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لہذا پاکستان کو بھی ہم سے دشمن کی طرح برتاؤ نہیں کرنا چاہیے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے ہیں جب کہ دہلی اور ممبئی سمیت کئی شہروں میں نیتن یاہو کے دورہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ دورہ بھارت کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بھی بھارتی زبان بولنے لگے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لہذا پاکستان بھی ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے۔ نیتن یاہو نے ممبئی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے ستاروں سے بھی ملاقات کی، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسرائیل میں بھی بالی ووڈ فلم انڈسٹری ہو۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ گجرات کا بھی دورہ کیا، احمد آباد میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ گئے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ آگرہ میں تاج محل جا کر تصاویر بنوائیں۔ واضح رہے کہ نیتن یاہو کے دورے کے دوران بھارت اور اسرائیل کے درمیان سائبر سیکیورٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی، ایئر ٹرانسپورٹ، فلم پروڈکشن، تیل اور گیس، سولر تھرمل انرجی، خلائی ٹیکنالوجی اور ہومیوپیتھک ادویات سازی کے 9 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جب کہ آزادانہ تجارت اور اینٹی ٹینک میزائل کے معاہدوں پر بھی مذاکرات جاری ہیں۔

loading...