اشاعت کے باوقار 30 سال

برسٹل کیس، بین اسٹوکس کے خلاف چارج شیٹ تیار

برسٹل کیس، بین اسٹوکس کے خلاف چارج شیٹ تیار

لندن: انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ تیار کر کے مقدمہ چلانے کا اعلان ہو گیا ہے جس پر بین اسٹوکس 2 سال کے لئے جیل جا سکتے ہیں۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس گزشتہ سال 25 ستمبر کو برسٹل میں رات کے وقت شراب کے نشے میں ایک شخص سے جھگڑا کر بیٹھے تھے اور لڑائی کے دوران انہوں نے باکسرز کی طرح مکے برسائے، کرکٹر اس رات گرفتار بھی ہوئے تھے جن کو بعد ازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔ چند گھنٹوں بعد ان کی سامنے آنے والی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا جس پر ای اسی بی نے نہ صرف ان کو معطل کیا بلکہ ایشز اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا۔ بعد ازاں وہ نیوزی لینڈ میں کلب کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کرتے دکھائی دیئے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ان کو آنے والی محدود اوورز کی سیریز کے لئے ٹیم میں شامل بھی کر دیا تھا تاہم وہ خود ٹیم سے دستبردار ہو گئے تھے۔ گزشتہ روز انگلینڈ میں کراؤن پراسیکیوشن سروس نے بین اسٹوکس سمیت 3 افراد کو چارج کرتے ہوئے ان کے خلاف ٹرائل شروع کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ برسٹل مجسٹریٹ کورٹ میں ان کے خلاف کیس شروع ہونے کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ دریں اثنا بین اسٹوکس نے رد عمل میں کہا کہ وہ تمام سپورٹر کا شکر گزار ہیں اور پہلے دن ہی تمام تفصیلات پولیس کو دے چکا ہوں اور آگے بھی بھرپور تعاون کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اپنا نام ٹرائل کے دوران عزت سے کلیئر کروا لوں گا اور ابھی میرا کرکٹ پر فوکس ہے۔

loading...