اشاعت کے باوقار 30 سال

رحیم زیارتوال انتخابی دوڑ سے دست بردار

رحیم زیارتوال انتخابی دوڑ سے دست بردار

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کا انتخاب آج ہو گا جس کے لیے تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے تاہم ایک امیدوار دست بردار ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے 16ویں قائد ایوان کا انتخاب آج ہو گا جس کے لیے تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جن میں ق لیگ کے میر عبدالقدوس بزنجو جب کہ پشتونخوا میپ کے دو امیدوار عبد الرحیم زیارتوال اور سید لیاقت آغا شامل ہیں۔ تاہم انتخاب سے قبل رحیم زیارتوال اپنی پارٹی کے امیدوار سید لیاقت آغا کے حق میں دست بردار ہو گئے جس کے نتیجے میں اب دو امیدواروں میں وزارت اعلیٰ کے منصب کے لیے مقابلہ ہو گا۔ میر عبد القدوس بزنجو کو اپوزیشن اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔ اپوزیشن اتحاد میں جمعیت علمائے اسلام ، بلوچستان نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) شامل ہیں۔ اسمبلی کا اجلاس ساڑھے گیارہ بجے شروع ہو گا اس موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گیے ہیں اور سیکیورٹی اہل کاروں کی بھاری نفری تعینات ہے، جب کہ اسمبلی جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ بدھ کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے فوراً بعد اسمبلی کے باہر خود کش دھماکا ہوا تھا جس میں متعدد سیکیورٹی اہل کار جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسی حوالے سے اسمبلی کے گرد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

loading...