اشاعت کے باوقار 30 سال

سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور

سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف محمود بشیر ورک نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل ایوان میں پیش کیا۔ جے یوآئی (ف) نے بل پیش کرنے کی مخالفت کی تاہم اسپیکر نے رولنگ دی کہ اکثریتی ارکان کی درخواست پر کارروائی معطل کر کے یہ بل پیش کیا گیا ہے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، سپریم کورٹ، پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھا دیا، ہمارا مطالبہ ہے اسی دور میں فاٹا کے انضمام کا تاریخی کام انجام دیا جائے، فاٹا کے عوام نے بڑی قربانی دی ہے جن کے صلے میں فاٹا کا انضمام کیا جائے، اگلے سیشن میں فاٹا انضمام کا بل بھی ایوان میں لایا جائے۔ بعد ازاں اسمبلی نے بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔
قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد اب یہ بل سینیٹ میں پیش کیا جائے، جہاں سے منظوری کے بعد بل کا مسودہ صدر مملکت کو بھیجا جائے گا، بل پر صدر کے دستخط کے بعد آئین کا حصہ بن جائے گا۔

loading...