اشاعت کے باوقار 30 سال

ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ماہ لندن میں سفارت خانے کے افتتاح کی غرض سے شیڈول دورہ مبینہ طور پر مظاہروں کے خوف سے منسوخ کر دیا۔ دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دورہ اس وجہ سے منسوخ کیا کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ برطانیہ میں ان کا پرجوش استقبال نہیں کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جگہ اب سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن برطانیہ جائیں گے۔ اس حوالے سے ابھی تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آ سکا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے فروری میں 750 ملین پاؤنڈز کی لاگت سے لندن میں تعمیر ہونے والی سفارت خانے کی عمارت کا افتتاح کرنا تھا، تاہم انہوں نے اس پروگرام کو اس وجہ سے ترک کر دیا ہے کہ وہاں ان کا استقبال اچھی طرح نہیں کیا جائے گا اور دوسری جانب وہ ملکہ برطانیہ سے بھی ملاقات نہیں کر پائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اس دورے کے دوران ٹرمپ کی برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں فروری کے آخر میں ملاقات شیڈول تھی۔ گذشتہ ماہ برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوبائن نے اپنے حامیوں کو مظاہروں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کو 'واضح پیغام' بھیجا جائے گا کہ برطانیہ میں ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی صدر اور برطانوی وزیر اعظم کے درمیان گذشتہ برس نومبر میں بھی لفظی جنگ ہو چکی ہے، جب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2 مسلمان مخالف ویڈیوز ری ٹوئیٹ کرنے پر تھریسا مے نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ تھریسا مے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مذکورہ ویڈیوز کو ری ٹوئیٹ کر کے غلطی کی۔جس پر ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ تھریسا مے مجھ پر توجہ دینے کے بجائے اپنے ملک میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

loading...