اشاعت کے باوقار 30 سال

سلمان خان پر شوٹنگ کے دوران حملہ

 سلمان خان پر شوٹنگ کے دوران حملہ

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان پر فلم ’رئیس 3‘ کی شوٹنگ کے دوران مسلح افراد نے حملہ کر دیا تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد سلمان خان کو بحفاظت گھر پہنچا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان ان دنوں ممبئی کے مشہور فلم سٹی اسٹوڈیو میں فلم ’رئیس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ سلمان منگل کے روز معمول کے مطابق شوٹنگ کر رہے تھے کہ نا معلوم مسلح افراد ان پر حملہ کرنے کی غرض سے اسٹوڈیو میں گھس آئے تاہم پولیس کی بر وقت کارروائی پر سلمان خان کو سخت سیکیورٹی میں بحفاظت گھر پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے فلم کے سیٹ پر پہنچتے ہی سلمان خان اور فلم کے پروڈیوسر رمیش تورانی سے فوراً شوٹنگ بند کرنے کے لیے کہا اور سلمان کو جلد سے جلد گھر پہنچایا۔ سلمان خان 6 کمانڈوز کے ہمراہ سخت سیکیورٹی میں اپنے گھر کے لیے روانہ ہو گئے۔ یاد رہے کہ سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشونی کی جانب سے گزشتہ جمعرات کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کا کیس بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت میں ہے جس کی سماعت کے لیے جمعرات کو سلمان خان جودھپور گئے تھے جہاں انہیں بشونی کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔ سلمان خان کو دھمکی دینے والے گینگسٹر لارنس کا شمار راجستھان کے بڑے جرائم پیشہ افراد میں ہوتا ہے جس پر قتل اور دیگر جرائم کے 20 سے زائد کیسز ہیں۔ سینئر انسپیکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس لارنس بشونی کی سلمان خان کو دی جانے والی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ پولیس اہل کار ان کی حفاظت پر مامور کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے سلمان خان کو بغیر سیکیورٹی سڑکوں پر نکلنے سے بھی منع کیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان اکثر بغیر سیکیورٹی کے شہر کی سڑکوں پر سائیکل چلاتے نظر آتے ہیں۔

loading...