اشاعت کے باوقار 30 سال

میرا کی چھوٹی بہن کی اداکاری میں انٹری

میرا کی چھوٹی بہن کی اداکاری میں انٹری

ممبئی: پاکستان کی معروف اداکارہ میرا یوں تو ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں، لیکن اس بار وہ اپنی چھوٹی بہن کی اداکاری میں انٹری کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ جلد ہی ایک ٹی وی ڈرامے میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔ وکالت کے شعبے میں خود کو منوانے والی شائستہ جلد ہی اداکار شہروز سبزواری کے ساتھ پاکستانی سماج کی عکاسی کرنے والے ڈرامے میں ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی۔ شائستہ نے بتایا کہ وہ جس ڈرامے میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی، وہ اچھا اور بڑا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برکت صدیقی کی ہدایات میں بننے والے ڈرامے ’سیپ‘ میں وہ عمران بخاری اور شہروز سبزواری کے ساتھ کام کریں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسر سیما طاہر کی جانب سے تجویز کیے جانے کے بعد وہ اس منصوبے کا حصہ بنیں۔ شائستہ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہیں ماضی میں بھی متعدد فلموں میں اداکاری کرنے کی پیشکش ہوئی، تاہم انہوں نے اداکاری کے مقابلے اپنی تعلیم کو مکمل کرنے کو ترجیح دی۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ ’سیپ‘ کے بہترین اسکرپٹ کی وجہ سے وہ اس بار منع نہ کر سکیں۔ انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ ’ڈرامے میں ایک ایسی خوبصورت اور نوجوان لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جن پر کئی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، اسے گھر سے باہر قدم رکھنے کی اجازت تک نہیں ہوتی، وہ سارا دن گھر میں ٹی وی دیکھتی اور اخبارات و میگزین پڑھتی رہتی ہے‘۔ شائستہ نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ ڈرامے میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو زیادہ دوست نہیں بنا سکتی، جو یہ تک نہیں بتا سکتی کہ اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ ’سیپ‘ کی کہانی ثمرہ بخاری نے تحریر کی ہے، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں تارا محمود، ثنا فاخر، عثمان پیرزادہ، دیا مغل، صبا خان اور فریحہ الطاف شامل ہیں۔

loading...