اشاعت کے باوقار 30 سال

ایک اور ڈیم بنا کر پاکستان کا پانی روکنے کی تیاری

ایک اور ڈیم بنا کر پاکستان کا پانی روکنے کی تیاری

سرینگر: بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور ڈیم بنا کر پاکستان کا پانی روکنے کی تیاری شروع کر دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے اجھ پر پانی ذخیرہ کرنے کے ایک بڑے منصوبے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ بھارت کے سنٹرل واٹر کمیشن نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں دریائے اجھ پر ڈیم تعمیر کرنے کی تفصیلی رپورٹ جموں و کشمیر حکومت کے پاس جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ منظور ہوتے ہی فوری طور پر اجھ ڈیم کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ اجھ ڈیم ساڑھے 6 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا حامل منصوبہ ہو گا جس کے ذریعے بھارت پانی کا رخ موڑ کر اپنی 30 ہزار ہیکٹر اراضی کو سیراب کرے گا دریائے اجھ دریائے راوی کی ایک شاخ ہے جو کٹھوعہ سے پاکستان میں داخل ہوتی ہے۔ بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں صاف الفاظ میں لکھا ہے کہ اس آبی منصوبے کا مقصد پاکستان کو سبق سکھانا ہے۔ رپورٹ میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان دہشت گردی کرتا رہے گا اس کے ساتھ پانی کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ اور پاکستان کی طرف بہنے والے دریاں کا پانی کو روک کر اسے بھارت میں ہی استعمال کیا جائے گا۔ 2016 میں انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بین الوزارتی ٹاسک فورسز بنائی تھی جسے سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے اور پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا کام سونپا گیا۔

loading...