اشاعت کے باوقار 30 سال

انڈر 19 کرکٹ؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری

انڈر 19 کرکٹ؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری

میلبورن: آسٹریلیا کے خلاف انڈر 19 کرکٹ سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری کے بعد پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف تین میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستانی الیون نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں تمام وکٹیں کھو کر 235 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے۔
اوپنرز کیمرون گرین اور میتھیو اسپورز ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، گرین 37 گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، اسپورز نے 4 گیندوں کا سامنا کیا لیکن انھیں کھاتہ کھولنے کا موقع میسر نہیں آ سکا، وہ محمد موسی کی گیند پر سلیمان شفقت کا کیچ بنے، جیک وائٹ نے 27 اور میکنزی ہاروی نے 22 رنز بنا کر ٹیم کو کچھ سکون کا سانس فراہم کیا، تاہم وائٹ محمد طحہ کی عمدہ فیلڈنگ کے سبب رن آؤٹ ہو گئے۔ ہاروے کو علی زریاب آصف نے ایل بی ڈبلیو کر دیا، اولیور ڈیویس 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا، آرون ہارڈی نے 85 رنز کی بھرپور اننگز کھیلی، انھوں نے 94 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکے اور 3 چھکے جڑے، ان کی وکٹیں حسن خان نے اڑائیں، پیٹرک روو 41 بالز پر 39 رنز بنا کر پویلین واپس ہوئے، انھیں ارشد اقبال نے حسن خان کی مدد سے پویلین چلتا کیا، ہیریسن میکون 7 جب کہ بلیک ایڈورڈ اور ایان کارلیسلی ایک ایک رن بنا سکے۔ ارشد اقبال سب سے زیادہ کامیاب باؤلر ثابت ہوئے، انھوں نے 8.1 اوورز میں 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی نے 43 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں، حسن خان نے 49 رنز دے کر 2 شکار کیے، پاکستان ٹیم بارش کے سبب جوابی اننگز مکمل نہیں کر سکی۔
کھیل روکے جانے تک قومی جونیئر سائیڈ نے 12.2 اوورز میں 2 وکٹ کھو کر 60 رنز جوڑے، محمد زاہد عالم 21 گیندوں پر 28 رنز بنا کر پویلین واپس ہوئے، عمران شاہ نے 39 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 19 رنز اپنے نام درج کرائے، روحیل نذیر 8 جب کہ علی زریاب آصف 1 پر ناٹ آؤٹ رہے، جس کے بعد مقابلہ بے نتیجہ ختم کر دیا گیا، تاہم ابتدائی میچ میں 6 وکٹ سے فتح یاب رہنے والی قومی جونیئر ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہو گئی۔

loading...