اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستانی ملازم نے بھارتی باس کو قتل کر دیا

پاکستانی ملازم نے بھارتی باس کو قتل کر دیا

دبئی: پاکستانی شہری نے چھٹی کی درخواست مسترد کرنے پر باس کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق لرزہ خیز قتل کا یہ واقعہ جبلِ علی میں پیش آیا جہاں 25 سالہ پاکستانی نوجوان نے اپنے بھارتی سپروائزر کو تیز دھار چاقو کے پے در پے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم نے چند روز قبل سپروائزر کو چھٹیوں کی درخواست دی تھی جسے ایک ہفتے بعد افسران بالا نے مسترد کر دیا جس پر ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے سپروائزر پر قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے سینے اور پیٹ میں چاقو کے وار کر ڈالے. اس جان لیوا حملے میں باس موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ ملزم نے دوسرے ملازم پر بھی حملہ کیا جو زخمی ہو گیا اور مزاحمت کے دوران قاتل کے ہاتھ سے چاقو گر گیا اور زخمی شخص نے اسے پکڑ لیا۔ پولیس افسر نے وکیل استغاثہ کو بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پرجب وہ جائے وقوع پہنچے تو انہوں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے آلہ قتل قبضے میں لے لیا اس وقت ملزم کے کپڑے خون آلود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول اور قاتل کے درمیان کام سے چھٹیوں کے معاملے پر تنازع شروع ہوا جب کہ میڈیکل رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مقتول کے پھیپھڑوں اور جگر پر تیز دھار آلے کے وار سے گہرے زخم آئے۔

loading...