اشاعت کے باوقار 30 سال

شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد

شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربوں کے جواب میں اس پر مزید سخت پابندیاں لگانے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قرارداد کے تحت شمالی کوریا کی تمام پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 90 فیصد کمی کی جائے گی، جب کہ شمالی کوریا کی مصنوعات درآمد کرنے کے لیے سلامتی کونسل سے منظوری لینا ضروری ہو گا۔ امریکا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 50 ہزار سے 80 ہزار شمالی کوریائی باشندے چین میں اور لگ بھگ 30 ہزار سے زائد روس میں کام کر رہے ہیں، ان افراد کی بھیجی جانے والی رقوم شمالی کوریا کی حکومت اپنے غیر قانونی پروگراموں کے وسائل کے طور پر استعمال میں لیتی ہے۔ چین اور روس جو کہ شمالی کوریا کے بڑے تجارتی پارٹنر ہیں، انہوں نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جس کے تحت شمالی کوریا کے بیرون ملک کام کرنے والے شہریوں کی طرف سے اپنے ملک کو بھیجے جانے والے مالی وسائل کو بھی روکا جائے گا۔ اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ ’ان پابندیوں سے شمالی کوریا کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ مزید خلاف ورزی کرنے پر اسے مزید سزائیں اور علیحدگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا پر پہلے ہی امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے کافی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔

loading...