اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا

پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا

کابل: امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا، لیکن امریکا کی شراکت داری سے اسلام آباد کو بہت کچھ حاصل ہو گا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائیک پینس گذشتہ رات افغانستان کے غیر اعلانیہ دورہ پر بلگرام ایئربیس پہنچے، جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر کابل گئے اور صدارتی محل میں افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔
مائیک پینس نے افغان رہنماؤں کو بتایا کہ ان کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ 'امریکا یہاں کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے'۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ افغانستان کی امریکا کے ساتھ شراکت داری میں بہت سی قربانیاں بھی شامل ہیں۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے افغان صدر سے ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایا، 'یقین ہےکہ ہم افغانستان میں فتح سے زیادہ قریب ہو گئے ہیں'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو درپیش خطرے کے خاتمے تک امریکی فورسز افغانستان میں رہیں گی۔ اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پینس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسا لب و لہجہ اپنایا اور کہا کہ 'دہشت گردوں کو پناہ دینے کے دن ختم ہو گئے، پاکستان کو امریکا کی شراکت داری سے بہت کچھ حاصل ہو گا، لیکن دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے بہت کچھ کھونا پڑے گا'۔ واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے وقتاً فوقتاً پاکستان سے اپنی سر زمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

Whatsapp

loading...