اشاعت کے باوقار 30 سال

نواز شریف بیٹی کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچ گئے

نواز شریف بیٹی کے ہمراہ لندن سے لاہور پہنچ گئے

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے وطن واپس آ گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف بیٹی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 سے لاہور پہنچ گئے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس کی جانب سے پاکستان کے سابق وزیر اعظم کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا، وہ جہاز کے اندر تک چھوڑنے کے لیے آئے جب کہ ائیرپورٹ جانے کے لئے پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی بھی نواز شریف کی رہائش گاہ پر بھیجی گئی۔ سابق وزیر اعظم ایک روز آرام کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلائیں گے، جس میں عمران خان اور جہانگیر ترین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کریں گے جب کہ منگل کو وہ احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے دو ترازوں نہیں چلیں گے، عمران خان نااہلی کیس میں جو عدالتی فیصلہ آیا وہ خود بول رہا ہے کہ اس طرح کا انصاف نہیں چلے گا جب کہ اس کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

loading...