اشاعت کے باوقار 30 سال

برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور اداکارہ میگن مارکل کی شادی

برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور اداکارہ میگن مارکل کی شادی

لندن: برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور ہالی ووڈ اداکارہ میگن مارکل کی شادی کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ رواں سال آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے اور امریکی اداکارہ میگن مارکل کی منگنی کے چرچے رہے ۔ دونوں طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور رواں سال نومبر میں دونوں نے اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے منگنی کرلی تھی۔ دونوں کی منگنی کے چرچے برطانیہ سمیت پوری دنیا میں جاری تھے جب کہ کئی روز تک دونوں کو منگنی کے تہنیتی پیغامات بھی موصول ہوتے رہے۔ منگنی کے بعد دونوں کے چاہنے والوں کو اس بات کا شدید انتظار تھا کہ میگن اور ہیری شادی کے بندھن میں کب بندھیں گے اب بالآخر یہ انتظار ختم ہوا دونوں کی شادی کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے شاہی خاندان کی جانب سے ٹوئٹر پر دونوں کی شادی کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہزادہ ہیری اور مس میگن مارکل 19 مئی 2018 کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے جب کہ دونوں کی شادی کی تقریب سینٹ جارج چیپل ونڈسر پیلس میں منعقد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ میگن مارکل کی یہ دوسری شادی ہے اس سے قبل انہوں نے 2011 میں ہالی ووڈ پروڈیوسر ٹریور انگیلسن سے شادی کی تھی تاہم یہ شادی دو سال قائم رہنے کے بعد ختم ہو گئی تھی۔ میگن اور ہیری ان دنوں کنگسٹن پیلس کے قریب ہیری کے کاٹیج میں وقت گزار رہے ہیں جہاں میگن کو شاہی آداب سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

loading...