اشاعت کے باوقار 30 سال

سعودی عرب پر حملے کے لئے یمنی باغیوں کو میزائل ایران نے دیئے

سعودی عرب پر حملے کے لئے یمنی باغیوں کو میزائل ایران نے دیئے

نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل نمائندہ نکی ہیلی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے سعودی عرب پر حملے کے لیے یمن کے حوثی باغیوں کو میزائل فراہم کیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نکی ہیلی نے ایک بیلسٹک میزائل کے باقیات صحافیوں کو دکھائے جو گذشتہ ماہ ریاض ہوائی اڈے کے قریب گرائے گئے۔ انھوں نے کہا شاید اس پر میڈ ان ایران کے سٹیکرز بھی لگے ہوں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ایران نے حوثی باغیوں کو ہتھیار فراہم کرنے سے انکار کیا ہے۔حوثی باغی 2015 سے سعودی قیادت میں یمنی حکومت کی حامی فوجوں سے برسرِ پیکار ہیں۔ ایران نے اس الزام کو غیر ذمہ دار، اشتعال انگیز اور تباہ کن قرار دیا ہے لیکن نکی ہیلی نے کہا کہ میزائل کے باقیات کی تکنیکی جانچ کے بعد سٹیبیلائزر فنز کی عدم موجودگی اور بہت سے والوز کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ میزائل ایران میں بنائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ میزائل سینکڑوں عام لوگوں کو ہلاک کر سکتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران کی حکومت کا رویہ مسلسل بدتر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بارے میں آواز اٹھانا ہو گی اور ایران کی حکومت کے عزائم کو سامنے لانا ہو گا جو پوری دنیا کی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ نکی ہیلی نے کہا کہ وہ بین الاقوامی تعاون اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے خفیہ معلومات سامنے لانے جیسا غیر معمولی قدم اٹھا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا عالمی امن اور سلامتی اس بات پر منحصر ہے کہ ہم ایران کے جارحانہ رویے کے خلاف مل کر کام کریں۔ نکئی ہیلی نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطی میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے اور امریکہ اس کے خلاف بین الاقوامی اتحاد تیار کرے گا۔ ان میں سفارتی اقدامات شامل ہوں گے۔

loading...