اشاعت کے باوقار 30 سال

جو قومیں اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا

جو قومیں اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے ہمیں اپنی سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جن کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن وامان قائم ہوا ہے۔ جو قومیں اپنے شہداء کو یادر کھتی ہیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ بلوچستان سے نوجوانوں کی پاک فوج، فرنٹئیر کور اور دیگر سیکورٹی اداروں میں شمولیت نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لئے خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی کے شہید اہلکاروں کے والد ہاشم خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روز ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل ندیم انجم بھی موجود تھے۔ ہاشم خان جن کا تعلق لکی مروت سے ہے ان کے دو بیٹوں جو ایف سی اہلکار تھے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی جبکہ اب ان کے والد ہاشم خان نے اپنے مزید دو بیٹوں کو ایف سی میں بھرتی کرایا ہے تاکہ وہ بھی ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے محمد ہاشم کی بہادری اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے ، انکی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک بھر میں امن قائم ہے، قوم کو اپنے ایسے جوانوں اور ان جیسے والدین پر فخر ہے جو اپنے دو بیٹوں کی قربانیوں کے باوجود مزید دو بیٹوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لئے پیش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ان کے خاندان کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جس میں ان کے بیٹے، بھتیجے بھائی اور دیگر ساتھیوں کو شہید کیا گیا تاہم ہمارے حوصلے بلند ہیں دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک و قوم کی خدمت اور سلامتی کے لئے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں میں شمولیت کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ملک و قوم کی حفاظت بھرپور طریقے سے کر سکیں۔ اس موقع پر ہاشم خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔

loading...