اشاعت کے باوقار 30 سال

مشہور امریکی ماڈل کا ٹرمپ کے بیان پر سخت غصے کا اظہار

مشہور امریکی ماڈل کا ٹرمپ کے بیان پر سخت غصے کا اظہار

لاس اینجلس: معروف امریکی ماڈل بیلا حدید صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلان کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر رو پڑیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس اعلان کے بعد عالم اسلام کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے اور اسلامی رہنماؤں کی جانب سے ان کے اس بیان کی سخت مذمت کی جا رہی ہے۔ امریکا کی ٹاپ ماڈل بیلا حدید نے بھی صدر ٹرمپ کے اس بیان پر انسٹاگرام پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی خبر دیکھی جس کے بعد فلسطینیوں کے درد اور غم کا سوچ کر میں رو پڑی۔ آج کا دن بہت افسوسناک ہے۔ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد اپنے والد، کزنز اور فلسطینی خاندانوں کا درد دیکھنے کے بعد میرے لیے لکھنا بھی مشکل ہوگیا ہے میں اس ناانصافی کے بارے میں لکھنے کے لیے موزوں طریقے کے انتظار میں تھی لیکن اسے بیان کرنے کے لیے مجھے کوئی صحیح طریقہ سمجھ میں نہیں آیا۔یروشلم تمام مذاہب کا گھر ہے تاہم ٹرمپ کے اس بیان کے بعد مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم امن سے 5 قدم پیچھے چلے گئے ہیں۔ فلسطینیوں کے ساتھ بہت ناروا سلوک کیا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے یہ یک طرفہ فیصلہ ہے۔ میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔

loading...