اشاعت کے باوقار 30 سال

صہیب، کامران اور فہیم کی قومی سکواڈ میں شمولیت مشکوک

صہیب، کامران اور فہیم کی قومی سکواڈ میں شمولیت مشکوک

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے سکواڈ پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد صہیب مقصود ، کامران اکمل اورفہیم اشرف کی شمولیت مشکوک ہو گئی جب کہ قومی سکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے کیوی ٹیم کے خلاف چھ جنوری سے شروع ہونے والی 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے حتمی سکواڈ پر مشاورت مکمل کر لی ہے، سلیکشن کمیٹی ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے رائے لینے کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دے گی اور ممکنہ طور پر آئندہ 3 ،4 روز میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی منظوری کے بعد سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے نام زیر غور لائے گئے تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی دورہ نیوزی لینڈ میں شرکت کے امکانات کم ہیں، کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں کامران اکمل کی بطور وکٹ کیپر ضرورت نہیں اور ان کی فیلڈنگ پر بھی سوالیہ نشان موجود ہیں ۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر دورہ نیوزی لینڈ میں قومی بیٹسمین صہیب مقصود کی شمولیت پر تحفظات رکھتے ہیں اس لئے ان کی سکواڈ میں شمولیت کے امکانات بھی کم ہیں۔ تجربہ کار اوپنر اظہر علی فٹ ہو گئے ہیں اور ان کے بھی سکواڈ میں شمولیت کے امکانات ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف کی انجری کے بعد ان کی بھی دورے میں شرکت پر شکوک کے بادل چھا گئے ہیں،غیر قانونی بالنگ ایکشن کے باعث پابندی کا شکار ہونے والے محمد حفیظ شاید اس دورے سے قبل اپنے ایکشن کو کلیئر نہیں کروا سکیں گے جب کہ ان کے ساتھ بھی انجری مسائل ہیں۔ فاسٹ بالر عثمان شنواری بھی انجری کی وجہ سے دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے ،ان کی جگہ جنید خان کو سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔ آل راؤنڈر عماد وسیم کی قومی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے جب کہ احمد شہزاد کو ون ڈے سے ڈراپ کر کے ٹی ٹونٹی سیریز میں مزید موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

loading...