اشاعت کے باوقار 30 سال

انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کی وجہ سے زیادہ دباؤ ہوتا ہے

انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کی وجہ سے زیادہ دباؤ ہوتا ہے

لاہور: نوجوان بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہونے کی وجہ سے ان پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے تاہم اسی وجہ سے انہیں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کا اضافی حوصلہ ملتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ جس دن ان کی فارم خراب ہوئی لوگ ان پر دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے دوگنی تنقید اس وجہ سے کریں گے کہ وہ انضمام کے بھتیجے ہیں۔ امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم میں قائد اعظم ٹرافی میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہوئے تاہم اس کے باوجود ان کی سیلیکشن پر تنقید کی جا رہی ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ وہ اپنے بلے کے ذریعے تنقید کا جواب دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے بلے باز نے کہا کہ وہ اب تک کی اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور ملک کے لیے مزید پرفارم کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے اپنی اچھی کارکردگی کا کریڈٹ کوچز کو دیا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی تینوں فارمیٹس میں کرنا چاہتے ہیں، یہ آسان نہیں لیکن وہ سخت محنت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کے لیے وہ سب کچھ کر سکیں جو انضمام نے پاکستان کے لیے کیا۔ امام الحق نے مزید کہنا کہ انضام ایک میچ ونر تھے اور پاکستان کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا اور وہ بھی پاکستان کے لیے ایسی ہی کارکردگی دکھانے کے خواہش مند ہیں۔

loading...