اشاعت کے باوقار 30 سال

ریکھا کا دپیکا کو خوبصورت تحفہ

ریکھا کا دپیکا کو خوبصورت تحفہ

ممبئی: بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ دپیکا پڈوکون ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے فیشن کے معاملے میں بھی سب سے آگے نظر آتی ہیں۔ دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے بچپن کے دوست کے ساتھ موجود تھیں۔ اس تصویر میں دپیکا اپنے دوست کی شادی کی تقریب کا حصہ بنتی بھی نظر آئیں۔ جبکہ ان کے مداحوں کی نظر کسی اور چیز پر نہیں بلکہ اس ساڑھی پر ٹھہر گئی جو دپیکا نے اس تقریب میں پہنی ہوئی تھی۔ اس تصویر میں دپیکا پڈوکون سرخ رنگ کی بنارسی ساڑھی میں موجود تھیں اور ہمیشہ کی طرح نہایت خوبصورت نظر آ رہی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ساڑھی کسی اور نے نہیں بلکہ بولی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ ریکھا نے دپیکا کو ان کی فلم ’پدماوتی‘ میں شاندار کام کے لیے تحفے میں دی تھی۔ شادی کی تقریب میں دپیکا پڈوکون کی ساڑھی کی تعریف وہاں موجود بہت سے لوگوں نے کی جس پر اداکارہ نے بتایا کہ یہ ساڑھی انہیں ریکھا جی نے تحفے میں دی ہے۔ خیال رہے کہ ریکھا کو خود ساڑھی پہننے کا بیحد شوق ہے، اور انہوں نے ھی بولی وڈ میں بنارسی ساڑھیاں پہننے کے ٹرینڈ کا آغاز کیا۔ ان کے بعد اس اسٹائل کو بہت سی اداکاراؤں نے کاپی بھی کیا جن میں ودیا بالن کا نام سرفہرست ہو گا۔ ریکھا خود بولی وڈ کی ہر تقریب میں صرف اور صرف بنارسی ساڑھی میں نظر آتی ہیں۔ اگر دپیکا پڈوکون کی بات کی جائے تو اداکارہ کو بھی کئی مرتبہ ساڑھی پہننے دیکھا گیا ہے، دپیکا تو بہت سے انٹرویوز میں یہ بھی بتا چکی ہیں کہ ساڑھی ان کا پسندیدہ لباس ہے۔

loading...