اشاعت کے باوقار 30 سال

امید ہے پاکستان افغانستان میں امن کے قیام میں تعاون کرے گا

امید ہے پاکستان افغانستان میں امن کے قیام میں تعاون کرے گا

کابل: افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کے قیام میں ان کے ملک سے تعاون کرے گا۔ کابل میں سینئر پاکستانی صحافیوں اور ٹی وی اینکرز سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لئے افغانستان تمام ممالک سے تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے جہاد کے دوران پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی اور افغان صحافیوں کے دوروں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دوروں سے باہمی تعلقات میں بہتری اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ پاکستانی صحافیوں کی جانب سے افغانستان میں جاری جنگ اور پاکستان افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں اور یہ کہ افغانستان میں امن کے لئے ان کا ملک پاکستان کے تعاون کا خواہشمند ہے۔ پاکستان وفد سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کی قیادت میں کابل کے دورے پر ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور افغان صحافیوں کے درمیان بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل حل کرے۔ پاکستانی اور افغان صحافیوں کے درمیان مذاکرات جرمنی کی مالی امداد سے منعقد ہوتے ہیں اور پروگرام کے تحت دورے ہوتے ہیں اس سے پہلے رواں سال افغان صحافیوں نے بھی اسی پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

loading...