اشاعت کے باوقار 30 سال

میوزک اور کامیڈی میں پاکستانی چھائے ہوئے ہیں

میوزک اور کامیڈی میں پاکستانی چھائے ہوئے ہیں

لاہور: بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کی نئی فلم ’’فرنگی‘‘ آج پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ’’فرنگی‘‘ کو پاکستان میں نمائش کے لیے حقوق ’آئی ایم جی سی‘ گروپ نے حاصل کیے ہیں۔ اپنی فلم کی پاکستان میں ریلیز کے حوالے سے کپل شرما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بہت سے آئیڈیل فنکاروں کا تعلق پاکستان سے ہی ہے۔ ان میں میوزک کی بات کروں یا کامیڈی کی، دونوں ہی شعبوں میں پاکستانی فنکار چھائے ہوئے ہیں۔ بہت سے پاکستانی فنکار اور کھلاڑی میرے دوست ہیں، اس لیے پاکستان سے ایک گہرا رشتہ ہے۔ جہاں تک بات میرے پروگرام کی مقبولیت کی تھی تو دنیا بھر کے مقابلے میں زبردست قسم کا رسپانس پاکستان سے ملتا تھا۔ جس کے لیے میں دل کی گہرائیوں سے پاکستان اور اس کی عوام کا شکر گزار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بطور ہیرو میری نئی فلم ’’فرنگی‘‘ پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اس لیے میری اپنے چاہنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ اس فلم کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں میں ضرور جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنی فنی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان آنے کا موقع نہیں مل پا رہا ہے لیکن امید ہے کہ بہت جلد میں اپنے چاہنے والوں کے درمیان لاہور یا کراچی میں ہوں گا۔ کیونکہ میرے بہت سے دوست انھی شہروں میں رہتے ہیں، ان سے ملنے اور اپنے چاہنے والوں سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

loading...