اشاعت کے باوقار 30 سال

سعید اجمل کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سعید اجمل کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

راولپنڈی: قومی ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل نے تمام طرز کی کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آج بوجھل مگر مطمئن دل کے ساتھ ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں، مگر کرکٹ سے محبت کا تعلق سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی شکل میں جاری رہے گا، غیر ملکی لیگز میں کھیلتا رہوں گا، اسلام آباد یونائیٹڈ میں بطور باولنگ کوچ خدمات سر انجام دے دیتا رہوں گا، آئی سی سی کے نئے قوانین بہت سخت ہیں، صرف پاکستانی باؤلرز کا نشانہ بنانے کے لئے یہ قوانین بنائے گئے، پاکستان میں آف سپن ختم کی جا رہی ہے۔ بدھ کو راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں لاہور وائٹس کے خلاف اپنے کیرئیر کے آخری میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے عزت اور شہرت سے نوازا، یہ اللہ کی خصوصی مہربانی تھی، جس نے فیصل آباد کے عام سے کھلاڑی کی عالمی سطح پر نمبر ون باولر بنایا بلکہ اس قابل بھی بنایا کے وطن عزیز کا نام سربلند کر سکوں، میں نے اپنے کیریئر کے دوران پاکستان کی کامیابیو ں کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کی اور میں اس میں کسی حد تک کامیاب رہا اس کا فیصلہ آپ صحافی دوست بہتر طور پر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے کرکٹ کیریئر کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ میرے ریجن فیصل آباد میں میرے کلب جہاں سے میں نے کرکٹ کا آغاز کیا اور میرے کلب کے کوچ وقار احمد اور سپیشلی صابر حسین میرے بیسٹ فرینڈ نے میرا بھرپور ساتھ دیا میں ان کا بہت شکر یہ ادا کرتا ہوں۔ میرے والدین میری وائف اور دوست احباب کے بغیر سعید اجمل کا عالمی کرکٹ کے آسمان پر بڑا اسٹار بننا ممکن نہیں تھا، میں تمام صحافی حضرات، اخبارت اور ٹی وی چینلز کا بھی بے حد ممنوں ہوں، جنہوں نے میرے کیریئر کے دوران میری اچھی کارکردگی کی تعریف کی اور میری غلطیوں کی نشاندہی کر کے آگے بڑھنے میں میری مدد کی۔ اس موقع پر پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق اور تمام ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکرگزار ہوں، جن کی مدد اور اعتماد کے بغیر کامیابیاں ممکن نہ ہوتیں، جب میرے ایکشن کا مسئلہ ہوا تو وہ میرے لیے مشکل وقت تھا، اس دوران پی سی بی نے میری بہت مدد کی لیکن مجھے ویسے نہیں کھلایا گیا جیسے کھلایا جانا تھا، میرا ایکشن کلیئر کرانے میں این اسی اے اور اینالسٹ ٹیم کا بہت کردار رہا، جس پر میں ان کا بہت مشکور ہوں، میں آج بوجھل مگر مطمئن دل کے ساتھ ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں، مگر کرکٹ سے محبت کا یہ تعلق سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی شکل میں جاری رہے گا، جہاں فیصل آباد اور ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کی اپنی نگرانی تربیت دے کر پاکستان کرکٹ کو نئے سٹار فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔

loading...