اشاعت کے باوقار 30 سال

لوہے کی اشیا نگلنے والا بھارتی شہری

 لوہے کی اشیا نگلنے والا بھارتی شہری

نئی دہلی: بھارت میں ڈاکٹروں نے آپریشن کر کے ایک شخص کے پیٹ سے 263 سکے، 100 کیلیں، شیونگ بلیڈز اور شیشے کے ٹکڑے نکا ل لیے۔ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا کے رہائشی 32 سالہ مقصود خان کو مسلسل 3 ماہ سے پیٹ میں درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا، پہلے پہل ڈاکٹروں نے اسے فوڈ پوائزننگ قرار دیا تاہم اینڈو اسکوپی ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹروں کو پیٹ کے درد کی اصل وجہ مل گئی۔ جس کے بعد آپریشن کر کے مقصود کے پیٹ سے 7 کلوگرام لوہے کی اشیا نکالی گئیں، جن میں 10 سے 12 شیونگ بلیڈز، 263 سکے، 100 کیلیں اور شیشے کے ٹکڑے شامل تھے۔ ستنا میں واقع سنجے گاندھی اسپتال میں سرجری کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر پریانکا شرما نے بتایا کہ ہم مریض کے پیٹ میں سکے، کیلیں اور نٹ بولٹس دیکھ کر حیران رہ گئے، ہمیں اپنے کیریئر کے دوران اس قسم کے پہلے کیس کا تجربہ ہوا۔ واضح رہے کہ مریض محمد مقصود کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی اور وہ چھپ چھپ کر یہ چیزیں کھاتا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مقصود خان رکشہ چلاتا ہے اور اکثر و بیشتر سواریوں کی جانب سے دیئے جانے والے سکوں کو نگل لیتا تھا۔ دوسری جانب رشتے داروں کا کہنا ہے کہ جب بھی مقصود کو ذہنی پریشانی یا ڈپریشن ہوتا تھا تو شاید وہ لوہے کی اشیا پانی کے ساتھ نگل لیتا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان سکوں یا کیلوں کی وجہ سے ابتدا میں اسے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق سرجری کے بعد مقصود کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس نے دوبارہ اس قسم کی اشیا نہ نگلنے کا عزم کیا ہے۔

loading...