اشاعت کے باوقار 30 سال

تین ماہ میں چوتھی کوشش ناکام

تین ماہ میں چوتھی کوشش ناکام

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے نواز شریف سے ملاقات سے انکار کر دیا۔ میاں نواز شریف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ ملک اور جمہوریت کے لیے آصف زرداری سے بغیر کسی شرط کے ہاتھ ملانے کو تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف کے
درمیان ملاقات کی کوششیں گزشتہ تین سے چار ماہ سے جاری تھیں لیکن یہ چوتھی کوشش بھی ناکام ہو گئی ہے اور آصف زرداری نے نواز شریف سے ملنا یا ہاتھ ملانا خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری سمجھتے ہیں کہ موجودہ ملکی سیاسی صورت حال کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، انہیں صرف اپنی ذات کے لیے میثاق جمہوریت یاد آتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کا مؤقف ہے کہ انہیں ہمیشہ ڈسا گیا ہے، پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کیا جس کا اسے نقصان ہوا اور نواز شریف آخری وقت میں انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ان سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرانے کی درخواست کی تھی تاکہ حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر قانون سازی کی جا سکے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ نواز شریف نے انہیں آصف زرداری کو منانے کا ٹاسک دیا تھا جس میں وہ ناکام ہو گئے۔

loading...