اشاعت کے باوقار 30 سال

ایران کا خطے سے داعش کے خاتمے کا اعلان

ایران کا خطے سے داعش کے خاتمے کا اعلان

بیروت: ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے خطاب میں خطے سے شدت پسند تنظیم داعش کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز سرکاری ٹی وی پر براہِ راست خطاب میں کہا تھا کہ خطے میں لوگوں کی مزاحمت اور اللہ کی رہنمائی سے ہم یہ کہ سکتے ہیں کہ ہم نے لوگوں کے سروں سے ان لوگوں (داعش) کو ختم کر دیا یا کم کر دیا ہے۔ ایک سینئر فوجی کمانڈر نے بھی ہزاروں شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ایران کی جانب سے عراق اور شام میں عسکریت پسند گروپ کو شکست دینے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ایرانی صدر نے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں کی کچھ باقیات موجود ہیں تاہم ان کی جڑوں اور ان کی بنیاد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ اپنے خطاب میں حسن روحانی نے الزام لگایا کہ امریکا اور اسرائیل خطے میں داعش کی حمایت کر رہے ہیں۔ ایران پاسدارانِ انقلاب کی نیوز ویب سائٹ سیپاہ پر جاری ایک پیغام کے مطابق سینئر کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو بھیجے گئے پیغام میں بھی یہی کہا گیا تھا کہ داعش کو خطے سے شکست دے دی گئی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کی جانب سے اکثر قاسم سلیمانی کی تصاویر اور ویڈیو دکھائی جاتی ہیں جس میں انہیں پاسدارانِ انقلاب کی برانچ ’قدس فورس‘ کی سربراہی کرتے دکھایا جاتا ہے جو ایران سے باہر آپریشن کی ذمہ دار بتائی جاتی ہے اور یہی فورس فرنٹ لائن پر عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ میں مصروف رہی تھی۔ خیال رہے کہ پاسدارانِ انقلاب ایک طاقت ور فوجی فورس ہے جو اربوں ڈالر مالیت کی اقتصادی سلطنت کی نگرانی بھی کرتی ہے جبکہ یہی فورس شام میں صدر بشارالاسد اور بغداد میں مرکزی حکومت کی حمایت میں لڑ رہی ہے۔ شام اور عراق میں پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈروں سمیت ہزاروں فوجی مارے جا چکے ہیں۔ شام کا تنازعہ ہفتے کو نئے مرحلے میں داخل ہوا جب حکومت اور اس کی اتحادیوں کی جانب سے داعش کے اختیار میں آخری شام کے شہر البو کمال کو خالی کرایا گیا۔ عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگیں لڑنے والی مختلف فورسز کا کہنا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ لوگ روپوش ہو گئے ہیں اور خیال ہے کہ وہ لوگ گوریلا بغاوت کی طرح سلیپر سیل اور بمباری کا استعمال کریں گے۔

loading...