اشاعت کے باوقار 30 سال

اظہر علی کی قسمت کھل گئی

اظہر علی کی قسمت کھل گئی

لاہور: اوپنر احمد شہزاد آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئے اور ان کی جگہ گھٹنے کی انجری سے مکمل فٹ ہونے والے اظہر علی کو ملے گی۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نیوزی لینڈ سیریز کے لئے سلیکٹرز سے بات چیت کر کے وطن واپس چلے گئے ہیں، آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے احمد شہزاد ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے اور ان کی جگہ اب سابق ون ڈے کپتان اظہر علی لیں گے، ان فٹ فاسٹ بالر عثمان شنواری کی جگہ ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بالر رومان رئیس کو ملے گی۔ اظہر علی کرکٹ بورڈ کے خرچے پر گھٹنے کے علاج کے لئے انگلینڈ میں تھے جہاں لندن میں ان کا علاج پاکستانی نژاد ڈاکٹر اظہر نے کیا، علاج اور ری ہیبلی ٹیشن کے باوجود اظہر علی گھٹنے کی تکلیف میں بہتر محسوس کر رہے ہیں، تجربہ کار بلے باز 25 نومبر سے شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ سلیکٹرز آئندہ ماہ ٹیم کا باضابطہ اعلان کریں گے اور اس دوران اظہر علی کی فٹنس کی صورتحال بھی واضح ہو جائے گی۔ ادھر کمر کے سٹریس فریکچر میں مبتلا عثمان شنواری قومی اکیڈمی میں علاج کرا رہے ہیں اور پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم پر امید ہیں کہ وہ 8 ماہ سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم 26 دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گی اور پہلا ون ڈے 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

loading...