اشاعت کے باوقار 30 سال

آئی فون ایکس میں بڑی خرابی کا انکشاف

آئی فون ایکس میں بڑی خرابی کا انکشاف

نیویارک: مشہور امریکی کمپنی ایپل کے بہترین اور مہنگے آئی فون ایکس میں ایک اور بڑی خرابی سامنے آ گئی۔ ایک ہزار امریکی ڈالر مالیت کے جدید فیچرز کے حامل آئی فون ایکس کی ایکٹیویشن کے مسئلے بعد اب ٹچ اسکرین کے نقص کا انکشاف ہوا ہے۔ ایپل کی مصنوعات پر نظر رکھنی والی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو میک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹھنڈے موسم میں آئی فون ایکس کی ٹچ اسکرین کام کرنا چھوڑ دیتی ہے۔ ایسے مقام پر جہاں درجہ حرارت صفر ہوتا ہے وہاں آئی فون ایکس کی ٹچ اسکرین کے کام کرنے کی صلاحیت مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے اور یہ ڈیوائس ایک طرح سے غیر فعال ہی ہو جاتی ہے۔ اس حوالے سے آئی فون ایکس استعمال کرنے والے بعض صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایت کی کہ انہیں سخت ٹھنڈے موسم میں اپنے موبائل فون کے استعمال میں دشواری کا سامنا ہے۔
ایپل نے اس خامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موسمی درجہ حرارت میں پیش آنے والے اس مسئلے کے حل کے لیے سافٹ ویئر میں تبدیلی لا رہے ہیں اور آئندہ کچھ دنوں میں اسے اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا۔ ایپل نے اس مسئلے کے حل کے لیے فی الحال کوئی ٹائم فریم نہیں دیا البتہ یہ اپ ڈیٹ بیِٹا پروگرام پر آزمائشی مراحل میں ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئی فون ایکس کی خریداری کرنے والے صارفین نے سخت سردی میں اس نئی ڈیوائس کے ایکٹو نہ ہونے کی شکایت کی تھی جس پر کمپنی نے واضح کیا تھا کہ عارضی خلل کے بعد یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

loading...