اشاعت کے باوقار 30 سال

روہڑی میں رینجرز کے ہاتھوں 3 دہشت گرد ہلاک

روہڑی میں رینجرز کے ہاتھوں 3 دہشت گرد ہلاک

روہڑی : صوبہ سندھ کے علاقے روہڑی میں امام بارگاہ باب کربلا کو نشانہ بنانے کے لیے آنے والے دو مبینہ خود کش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد رینجرز کی کارروائی میں ہلاک ہو گئے۔ رینجرز ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس اداروں نے اطلاع دی تھی کہ مبینہ دہشت گرد چہلم امام حسین کے موقع پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ رینجرز ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ معلومات کو مد نظر رکھتے ہوئے رینجرز نے روہڑی میں قائم باب کربلا امام بارگاہ کے قریب چیکنگ کا سخت انتظام کررکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز نے ایک ناکے پر چیکنگ کے دوران دہشت گردوں کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی جب کہ رینجرز کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں نے خود کش جیکٹ سے دھماکے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اہل کاروں کی بر وقت کارروائی سے دو مبینہ خود کش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے خود کش جیکٹس کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا تاہم ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

loading...