اشاعت کے باوقار 30 سال

پاک بحریہ نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے

پاک بحریہ نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے

لاہور: مصور پاکستان اورقومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے 140ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ سفید وردی میں ملبوس پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے روایتی جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ مزار اقبال کے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں نے مزار اقبال کے باہر اپنی اپنی پوزیشنز سنبھالیں۔ سٹیشن کمانڈر (نیوی)لاہور، کموڈور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے پاکستان نیوی کے دستے اور اعزازی گارڈ کے فرائض سر انجام دینے والے پاک رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔ بینڈ کی دھن پر مخصوص انداز سے چلتے ہوئے پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبال کے چاروں کونوں میں اپنی پوزیشنز سنبھالیں جبکہ پاک رینجرز کا دستہ روایتی انداز میں مزار سے رخصت ہوا۔ اعزازی گارڈ کی تبدیلی کے بعد سٹیشن کمانڈر (نیوی)لاہور نے چیف آف دی نیول اسٹاف، پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرز اور سویلینز کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں سٹیشن کمانڈر (نیوی)لاہور نے مزار اقبال پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول عہدیداران، سکول کے بچوں اور شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

loading...