اشاعت کے باوقار 30 سال

دھماکے میں ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہل کار شہید

  دھماکے میں ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہل کار شہید

کوئٹہ: چمن ہاؤسنگ اسکیم کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی حامد شکیل سمیت 3 اہل کار شہید جب کہ 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ حامد شکیل گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ چمن ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعے میں حامد شکیل اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہل کاروں سمیت راہگیر بھی زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہل کار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں عملے نے حامد شکیل اور 2 اہل کاروں کی شہادت کی تصدیق کردی۔ جب کہ 5 اہل کاروں سمیت 7 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حامد شکیل پر خود کش حملہ کیا گیا تھا، خود کش حملہ آور نے خود کو عین اس وقت بارودی مواد سے اڑایا جب ان کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ دوسری جانب دھماکے سے کچھ گھنٹے قبل ہی پولیس اور ایف سی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جتک اسٹاپ، موسیٰ کالونی، سیٹلائٹ ٹاون، چھالو باوڑی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور ایف سی اہل کاروں نے 300 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور 41 مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا۔

loading...